Skip to content

فیس بک چھوڑنے کے ایک سو ایک طریقے

الحمدللہ آج مجھے فیس بک سے کنارہ کشی کئے ہوئے ایک ہفتہ ہونے والا ہے۔ مجھے یاد نہیں‌ پڑتا اس سے قبل میں‌اتنے دن فیس بک سے دور رہا ہوں۔

فیس بک کا نشہ بہت گہرا نشہ ہے۔ فیس بک پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد ایک دو ماہ تو میں یہی سمجھتا تھا کہ اس “فضول” سائٹ کا کوئی مقصد ہے ہی نہیں، اور میں جب چاہوں‌اسے چھوڑ سکتا ہوں، مگر آہستہ آہستہ یہ نشہ اتنا طاقتور ہوگیا کہ اگر دوستوں‌سے لیپ ٹاپ مانگا بھی تو فیس بک سٹیٹس اپڈیٹ کرنے کو۔

ایک دن دل میں‌خیال آیا کہ اسے چھوڑ دینا چاہئے۔ مصمم ارادے کے بعد فیس بک پہ انا للہ پڑھی اور صرف چار گھنٹے بعد دوبارہ سٹیٹس اپڈیٹ‌ کر دیا۔

ایک اور ناکام کوشش کے بعد میں‌ نے سوچا اس کا حل ضرور ہوگا۔ دنیا میں‌موت کے سوا ہر بیماری کا علاج ہے تو پھر فیس بک کے استعمال کی عادت کا علاج بھی ہونا چاہئے۔ ایک محلے دار سے ، جو طب نبوی میں مہارت کی سند کہیں‌سے اُٹھا لائے ہیں، میں نے پوچھا کہ کلونجی کس مقدار میں لینی چاہئے تو وہ مجھے گھورنے تو لگے، پر شکر ہے کچھ کہا نہیں۔

آخر گوگل بھائی نے میری مدد کی اور آج الحمدللہ میں‌ اس قابل ہوں کہ آپ کو فیس بک چھوڑنے کے ایک سو ایک مجرب طریقے بتا سکوں۔
واضح رہے میں تیسری کوشش میں‌ اس مقام تک پہنچا ہوں۔ مجھ سے ڈفر نے بھی یہ طریقہ پوچھا تھا مگر میں‌ نے سوچا بہتر یہ ہے کہ عوام کے مفاد میں‌اسے بلاگ پر شائع کر دیا جائے۔
چلئے جناب تراکیب کی طرف چلتے ہیں::

1: پہلا طریقہ::
آپ کو فیس بک چھوڑنے کے لئے مندرجہ ذیل چیزیں در کار ہیں۔
عزم صمیم
اگر آپ دل پھینک ہیں یا آپ نے رشتے کی تلاش میں فیس بک کا استعمال شروع کیا تھا تو پھر:
ایک عدد لڑکی نما نِک سے “بِستی” اس ترکیب کو چار چاند لگا دیگی اور آپ کی کامیابی یقینی ہو جائے گی۔
گوگل۔
صبر
جنریٹر یا یو پی ایس
اور کافی کا ایک تھرماس۔

تو جناب ۔ پکے ارادے کے ساتھ فیس بک میں‌لاگ ان ہوں۔ اگر آپ پاکستان میں‌ہیں‌تو پھر یو پی ایس یا جنریٹر کا بندوبست کر لیں ، کیونکہ یہ مہم نامکمل رہنے کی صورت میں‌ آپ کا آپ کے ارادے پہ نظر ثانی کا خدشہ ہے۔

اگر آپ بالکل پکا کام کرنا چاہتے ہیں‌تو دائیں‌طرف اوپر پروفائل لنک پر کلک کر کے اپنی پروفائل پہ جائیں اور سب سے نیچے بائیں جانب Older Posts پر کلک کرتے جائیں حتیٰ کہ آپ ان رپورٹوں‌تک پہنچ جائیں‌جب آپ نے فیس بک جوائین کرتے ہی اپنی پروفائل married سے single پر تبدیل کی تھی۔
🙂
اب کافی کا ایک مگ تیار کریں‌اور ایک ایک نوٹیفیکیشن کو مٹانا شروع کر دیں۔ اگر آپ میری طرح دو سال سے زیادہ سے فیس بک باقاعدگی سے استعمال کر رہے ہیں‌تو آپ کے لئے یہ بہت بڑا ‌مسئلہ ہوگا۔ ایک بات یاد رکھیں، اس چلے کے دوران بہت سے معمول آپ کو تنگ کرنے کو آئیں‌گے، کچھ کی شکل وزیر بجلی و پانی کی طرح‌ہو گی، یا پھر وہ آپ کے آس پاس اندھیرا کر کے آپ کے کام میں رکاوٹ ڈآلیں‌گے۔ مگر آپ نے یہ بات یاد رکھنی ہے کہ اگر یہ چلہ ناکام ہوگیا تو پھر آپ کو فیس بک کے غضب سے کوئی نہیں‌بچا سکتا۔
تو جناب آپ لگے رہیں‌گے، کوئی تین ہزار سے زیادہ کلک کرنے ہیں‌آپ کو۔ یہ بات یاد رکھئے گا کہ آپ نے اگر کہیں‌کسی کو تصویر کو پسند بھی کیا ہے تو اس تصویر پہ جا کے اس کو ان لائک کرنا ہے۔ اگر کسی تصویر میں‌ٹیگ ہوئے ہیں‌تو اس ٹیگ کو وہاں جا کے ہٹانا بھی ہے۔ اور یہ سب کام جو آپ کریں گے وہ recent activity کی صورت میں آپ کی پروفائل پہ دوبارہ ظا ہر ہو سکتا ہے۔
جنوں‌کو قابو کرنا اتنا آسان بھی تو نہیں صاحب!!!

جب یہ سب کام مکمل ہو جائے تو پھر آپ اپنی پروفائل ایڈٹ کر لیں۔ اپنے تمام کوائف کی جگہ لا یعنی باتیں‌لکھ دیں، جیسا کہ ڈفر نے کیا ہے۔ ابھی سے پکا کام کیا ہے اس نے۔ کیا پتہ پیر ودھائی میں‌ نیٹ کیفے کے سرور پر بیٹھا ہو اور ہمیں‌بتا رہا ہو کہ کبھی بغداد یا کبھی استنبول میں‌ہوں۔
اپنی پیاری پیاری تصاویر کو ہٹا دیں اور کوشش کریں‌کہ کچھ بھی ایسی چیز نہ رہے جو آپ تک فیس بک کو دوبارہ پہنچا سکے۔
اس کے بعد ایک نئی ٹیب میں عارضی ای میل ایڈریس تلاش کریں‌اور کوئی ایک منتخب کر کے اپنے اکاؤنٹ کی سیٹنگ میں اپنے موجودہ ای میل ایڈریس سے بدل دیں۔ دس منٹ کے اندر دوبارہ لاگ ان ہو کر دیکھیں ۔ اگر کام کرتا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ آپ کو اپنے دوسرے ای میل اکاونٹ سے کام لینا ہو گا جو آپ نے کسی اور کام کے لئے مختص کیا ہوا ہے۔
p:
اب اپنے دوستوں‌کو حذف کر دیں۔ تمام رشتہ داریاں مٹا دیں۔ ویسے یہ کام پہلے بھی کیا جاسکتا ہے اور کوشش کریں‌کہ پروفائل میں‌تبدیلی دوستوں‌کو حذف کرنے کے بعد ہی کریں۔

اب آپ تقریبا آزاد ہیں۔ اب چاہیں‌تو اکاونٹ استعمال کریں ، نہ چاہیں‌تو نہ کریں۔

اگر اس کے بعد بھی کام پکا کرنا ہے تو اس ربط کا مطالعہ کریں
مندرجہ ذیل تصاویر اسی ربط سے لی گئی ہیں۔
facebook Deletion
deletion 2

یہ تو تھا پہلا طریقہ۔

ڈسکلیمر::‌میں‌ نے اتنا لمبا کشٹ نہیں‌کیا تھا۔ صرف ان تصاویر اور اس ربط پر دی گئی ہدایات کے مطابق عمل کیا اور اب 14 دن مکمل ہونے کا انتظار ہے جس کے بعد میرا چلہ کامیاب ہو جائے گا اور میں آزاد اور فیس بک غلام ہوجائے گی۔

اب آتے ہیں‌باقی ایک سو طریقوں‌کی جانب۔

سچ تو یہ ہے کہ صرف یہی طریقہ فی الحال میں‌نے استعمال کیا ہے۔ جب اور طریقوں‌کے بارے میں‌علم ہوگا تو میں‌آپ کو ضرور بتاؤں گا۔

14 thoughts on “فیس بک چھوڑنے کے ایک سو ایک طریقے”

  1. زبردست طریقہ ہے بھائ باقی کے طریقوں کا اِنتِظار رہے گا اور اگر بلاگ دُنیا چھوڑنے کو دِل چاہے تو بندہ یا بندی کیا کریں جیسا کہ آج میرا بہُت دِل چاہ رہا ہے ہے کوئ نُسخہ یا ٹوٹکا میرے بھائ
    .-= شاہدہ اکرم´s last blog ..لفظ =-.

  2. شکریہ ڈاکٹر صاحب! میرے ارادہ کو ایک دھکا اور فرمانے کا۔
    ویسے فیس بک کی رونق بلاگ پر بحال ہوگئی، بڑی اچھی بات ہے۔

  3. شاہدہ اکرم: زبردست طریقہہے بھائ باقی کے طریقوں کا اِنتِظار رہے گا اور اگر بلاگ دُنیا چھوڑنے کو دِل چاہے تو بندہ یا بندی کیا کریں جیسا کہ آج میرا بہُت دِل چاہ رہا ہے ہے کوئ نُسخہ یا ٹوٹکا میرے بھائ

    آپ نے تو حال ہی میں نیا بلاگ سیٹ کیا ہے۔ آپ کیوں بلاگنگ سے کنارہ کش ہونا چاہ رہی ہیں؟
    باقی بلاگ چھوڑنے کے لیے فیس بک چھوڑنے جیسے جتن تو نہیں درکار ہوتے۔ لا تعداد متروک بلاگ نگاہ سے اکثر گزرتے ہیں۔ بس نئی پوسٹس کرنا ترک کر دیں اور اس پہ قائم رہیں۔ بلاگنگ ختم۔
    .-= احمد عرفان شفقت´s last blog ..کم از کم ہم دبئی تو نہیں ہیں =-.

  4. بہت مُشکل طريقہ بتايا آپ نے
    ميرے پاس بہت آسان طريقہ ہے ۔ ميں فيس بُک کھولتا ہی کبھی کبھار ہوں يعنی جب ميرے پاس کرنے کو اور کچھ بھی نہ ہو اور جو ای ميلز آتی ہيں اُنہيں وہيں پڑھ کر حذف کر ديتا ہوں
    .-= افتخار اجمل بھوپال´s last blog ..ڈرامہ اور حقيقت =-.

  5. شاہدہ اکرم: زبردست طریقہہے بھائ باقی کے طریقوں کا اِنتِظار رہے گا اور اگر بلاگ دُنیا چھوڑنے کو دِل چاہے تو بندہ یا بندی کیا کریں جیسا کہ آج میرا بہُت دِل چاہ رہا ہے ہے کوئ نُسخہ یا ٹوٹکا میرے بھائ

    خیر بلاگنگ نہ کرنا آپ کا اپنا فیصلہ ہے، میں‌وجوہات نہیں‌پوچھوں گا، مگر اتنا کہتا چلوں کہ مجھے احمد عرفان کے مشورے سے اتفاق ہے۔

    اگر آپ نیٹ‌ ایڈریسز کو بلاک کرنے کے لئے کوئی ویب فلٹر استعمال کرتی ہیں، جیسے کہ اکثر لوگ بچوں‌ کے کمپیوٹر پر لگا دیتے ہیں‌تو اس میں‌اپنے بلاگ کا پتہ بی شامل کر دیجئے۔
    یوں‌ آپ کا بلاگ آپ کے لئے شجر ممنوعہ ہو جائے گا۔ ایک دو دن تو عادت تنگ کرے گی، مگر جب رسائی ممکن نہ ہوگی تو آہستہ آہستہ آپ خود سب کچھ بھول جائیں‌گی۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں‌کانٹینٹ ایڈوائزر اور فائر فاکس میں‌چند پلگ انز کی مدد سے یہی کام کیا جا سکتا ہے۔

  6. جعفر: ڈاکٹر صاحب فیس بک پر بالکل رونق نہیں
    واپس آجائیں
    آپ کو بہت کچھ کہا جائے گا
    پلیززززز

    نا جی نا!!!
    اس دھوکے میں نہیں آنے والا میں۔ بڑی مشکل سے تو آزادی ملی ہے۔ شاشینک ریڈیمپشن کی طرح۔

  7. @محمد اسد:: نوازش۔ پسند کرنے کا شکریہ۔ اگر آپ فیس بک چھوڑنا ہی چاہتے ہیں‌تو آپ کے ارادے سے بڑھ کر کوئی طاقتور چیز نہیں‌ہے۔

    @افتخار اجمل صاحب:: دیکھا آپ نے فیس بک کے نشے کو؟ اتنا کم استعمال کرنے کے باجود آپ کو فیس بک چھوڑنا مشکل نظر آ رہا ہے۔
    😛

  8. مجھ پر بھی فیس بک کا نشہ ہے
    ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں‌آپ کے مشوروں‌پر عمل کروں
    اس وقت تک کے لیے ایک بہترین پیش کرنے کا شکریہ

  9. السلام علیکم ورحمۃ وبرکاتہ،
    فیس بک کوچھوڑیں یاپکڑیں اسکاتومیں آپ کوکچھ کہہ نہیں سکتالیکن یہ نشہ ہےبہت برا۔ وہ کیاکہتےہیں کہ ایسی منہ کولگی ہےکہ نہ چھوڑی جائے۔ ہاں کم از کم بلاگنگ کوتونہ چھوڑیں تاکہ آپ کی تحاریرتوپڑھنےکوملتی رہیں۔

    والسلام
    جاویداقبال
    .-= جاویداقبال´s last blog ..¿Un 5% nuestro o un 2% de todos? =-.

  10. ہمیں چاہیئے کہ مسلمان ہونے کے ناطے اپنے آپ کو فیس بک سے الگ کر لیں اپنا اکاؤنٹ بند کر لیں

    اپنی دوستی اپنے ان مسلمان بھائیوں کے لئے چھوڑ دیں جو پیغمبر محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والے ہیں
    یا ان لوگوں کے لئے جو محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی بھی بے حرمتی نہیں کر سکتے

    ایک حدیث کا مفہوم ہے
    قیامت میں ہر شخص اس کے ساتھ ہوگا جس کا ساتھ وہ دنیا میں رکھتا تھا
    کیا ہم ان خبیث لوگوں کے ساتھ اب بھی ہیں
    بس ایونٹ چلا جائے ہم پھر فیس بک پر
    کیا یہی محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے

    ہم اس کے بدلے دوسرے ذرائع کیوں استعمال نہیں کر لیتے
    تا کہ بار بار ایسا عمل کرنے کی نا سوچ سکیں یہ غیر مسلم

    ورنہ ہر سال ایسا ہی ہو گا
    اور ہم 5 سے 10 دن کے لئے فیس بک بند کر کے محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا دم بھرتے رہیں گے

    کیا ہم محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہیں یا محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کرنے والوں کے ساتھ؟
    گر ہم فیس بک ہی چاہتے ہیں تو پاکستانی فیس بک استعمال کر سکتے ہیں

    www.pakfacebook.com
    .-= محمد طارق راحیل´s last blog ..Girl Without A Face =-.

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں