Skip to content

مقصود بنگش سے ملاقات

آج ایوب میڈیکل انسٹیٹیوشن کے ڈاکٹرز کی ایک جنرل باڈی میٹنگ سے فارغ ہوا تو کافی تھک گیا تھا۔ الیکشن کے سلسلے میں بلائی گئی اس میٹنگ میں تقریبا تین سو کے لگ بھگ ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ میرے ذمہ ایک پاور پوائنٹ سے لدی پھندی گفتگو کا اہتمام کرنا تھا جس میں گزشتہ کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
یہ سب سے آسان کام تھا۔ دس کے قریب سلائیڈیں بناو اور ہر ایک کے درمیان میں ۹۶ سائز کے فانٹ میں ایک سوالیہ نشان ڈال دو۔

 

انھوں نے کچھ کیا ہی نہیں جو مجھے لکھنا پڑتا۔
بہر حال ، سب مہمانوں کے جانے کے بعد میں تھکا ہارا کینٹین کے سامنے موجود درختوں کے نیچے ایک کرسی تک جا پہنچا اور جیسے ہی میں بیٹھا، کسی نے میرا نام لیا۔ میں نے آواز کی سمت دیکھا تو ایک باریش صاحب کسی سے کہہ رہے تھے، کہ وہ منیر عباسی سے بات کر لیں گے۔ بے فکر رہیں۔ اب میں حیران ہوا کہ یہ کون ہیں جو منیر عباسی کو اتنے اچھے طریقے سے پہچانتے ہیں کہ کسی کا کام کروا دیں گے اورمیں ہوں کہ انھیں جانتا ہی نہیں۔
بہر حال اس جملے کے بعد اس لڑکے نے میری طرف اشارہ کیا کہ منیر عباسی صاحب تو یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان صاحب نے چونک کر میری طرف دیکھا اور تصدیق چاہی۔ میں نے تصدیق کر دی اور کرسی کھسکا کر ان کے نزدیک ہو گیا۔ کام تو جو بھی تھا، وہ میں کر نہ سکتا تھا۔ مگر علم ہوا کہ وہ بنگش صاحب ہیں۔ مقصود احمد بنگش صاحب۔ ان کا غائبانہ تعارف مجھ سے کافی مرتبہ کیا گیا تھا، مگر ایک ہی شہر میں ہوتے ہوئے ان سے ملاقات کا یہ پہلا موقع تھا۔ گفتگو آگے بڑھی تو میں نے ایک شک کی بنیاد پر ان سے پوچھا کہ کیا وہ عمر احمد بنگش کو جانتے ہیں، مانسہرے والا عمر بنگش؟؟؟ تو انھوں نے جو جواب دیا اس نے مجھے چکرا دیا۔

ہمارا عمر لالا المعروف عمر احمد بنگش ان کا سب سے چھوٹا بھائی نکلا!!!!!!!

زیادہ باتیں کرنے پر علم ہوا کہ انھوں نے فیس بک پر مجھے دیکھا تھا، مگر اس سے پہلے کہ مجھ سے رابطہ کرتے، میں اپنا فیس بک اکاونٹ ڈیلیٹ چکا تھا۔ تا ہم ہم دونوں نے  ڈفر پر سیر حاصل گفتگو کی اور پھر کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے کہ ڈفر کون ہے۔
ان کا شک یہ تھا کہ شائد ڈفر میرا کو ئی قریبی ہے۔ میں نے کہا، کیا میں شکل سے ایسا دکھتا ہوں؟  ہیں جی؟؟؟

بہر کیف مقصود صاحب سے ملاقات بہت اچھی رہی اور میں جو تھکا ہارا تھا، تین ساڑھے تین گھنٹے مسلسل وہیں بیٹھا باتیں کرتا رہا۔ وقت پتہ نہیں اتنی جلدی کیسے گزر جاتا ہے۔۔۔

اوپر تصویر میں دائیں سے بائیں ڈاکٹر رفیع رضا ، ڈاکٹر توقیر شاہ اور مقصود احمد بنگش۔

 

6 thoughts on “مقصود بنگش سے ملاقات”

  1. مجھے تو درمیان میں موجود ڈاکٹر صاحب پر گمان ہوا کہ عمر احمد بنگش ہیں :). بعض اوقات چھوٹے چھوٹے واقعات سے آدمی کو پتا لگتا ہے کہ دنیا بہت چھوٹی ہے ۔۔

  2. توقیر شاہ سے کہیں کچھ کھایا پیا کرے۔ ورنہ کم از کم ایک آدھ ڈرپ چوری کر کے خود کو لگا لیا کرے۔
    (-:

  3. جی جی بالکل، رات انھوں‌نے اس ملاقات کا تذکرہ کیا تھا۔ سنا ہے کہ آپ کافی بہترین آدمی ہیں؟‌:))
    الیکشن کا کیا ہوا ڈاکٹر صاحب؟
    راشد صاحب، ڈاکٹر توقیر اور میری صحت تقریباً‌ایک سی ہے۔۔۔

  4. میرے خیال میں تو وچکارلے ڈاکٹر صاحب کو ڈرپ سے کچھ فائدہ نہیں ہوگا
    کسی اچھے حکیم کو دکھالیں تو افاقے کی پرزور امید ہے۔۔۔
    یہی مشورہ عمر احمد بنگش عرف۔۔۔ چلو چھڈو۔۔ وڈے پائی جان نہ پڑھ لین۔۔۔

  5. فیصل:: توقیر شاہ صاحب کی خوش خوراکی کافی مشہور ہے، یہ اور بات خلق خدا ان کے چہرے بشرے سے “دھوکہ ” کھا جاتی ہے۔
    :p
    عمر:: آپ نے تو صرف سُنا۔ لوگ تو پہلی ملاقات کے بعد یہ کہہ جاتے ہیں۔
    :p
    جعفر :: وچکارلے ڈاکٹر صاحب کی اپیرئینس سے دھوکہ نہ کھا جانا کہیں۔
    خبر دار کر دیا ہے میں، بعد میں‌گلہ نہ کرنا۔
    🙂

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں