Warning: Constant DISALLOW_FILE_EDIT already defined in /home/inspireo/public_html/wp-config.php on line 90
بند آدمی – The Inspire Blog
Skip to content

بند آدمی

“آپ کو ایک مشورہ دوں سر جی؟ قسم لے لیں کئی برسوں سے کسی کو میں نے مشورہ نہیں دیا۔”
“آپ شادی کرالیں سر جی ________آپ جیسے لوگ صرف شادی کے قابل ہوتے ہیں۔ حرام سے کوئی واسطہ نہ رکھیں۔میں بتاوں حرام سے کچھ ہو جاتا ہے یہاں۔” اس نے اپنے سر کی طرف اشارہ کیا۔
“آپ جیسے لوگ کچھ کرنے کرانے نہیں ہوتے نہ کوئی دھماکہ، نہ قتل، نہ خودکشی۔ آپ جیسوں کے لئے شادی بڑی اچھی رہتی ہے۔”
“مجھ جیسوں سے تمھاری کیا مراد ہے۔”
“آپ جیسے آدمی_____________بند آدمی!!”
“بند آدمی سے تمھاری کیا مراد ہے امتل؟
امتل نے ماتھے پر تیوری ڈالی کچھ دیر سوچتی رہی پھر بولی ________ ‘ ایک نیک آدمی ہوتا ہے سر جی اور ایک بند آدمی۔۔۔دونوں ایک سے لگتے ہیں فاصلے سے ____ پر بڑا فرق ہوتا ہے دونوں میں۔ نیک آدمی کی سرشت نیک ہوتی ہےقدرتی طور پر _______وہ چاہے نیک لوگوں میں رہے چاہے بد لوگوں کی صحبت میں، اس کی سرشت کوئی اور رنگ قبول نہیں کرتی۔ بھوک سے مر جائے پر عقاب مردار نہیں کھاتا سر جی _________حرام کی طرف مائل نہیں ہوتا۔’
“میں تمھاری بات اچھی طرح سے سمجھا نہیں امتل _________” میں نے کہا۔
“نیک آدمی کے اندر جھگڑا نہیں ہوتا ________ لیکن بند آدمی کے اندر بڑے جھگڑے ہوتے ہیں سر جی _________ اس کے اندر بدی کی کشش ہوتی ہے مگر وہ اپنے آپ کو  بدی کی اجازت نہیں دیتا۔ اس کے اندر نیکی موجود نہیں ہوتی ،لیکن وہ نیکی کئے جاتا ہے۔ کئی بار سوسائٹی کے ڈر سے، کبھی کسی چاہنے والے کے خوف سے _____وہ دراصل خود پیمانہ نہیں ہوتا ۔ دوسرے لوگوں کی رائے اس کا پیمانہ ہوتا ہے، بے چارہ __________ کبھی آنکھوں پر پٹی باندھتا ہے، کبھی سرپٹ بھاگتا ہے_______ کبھی کانوں پر انگلیاں، کبھی منہ پر تالا_____ توبہ توبہ سر جی، بڑے عذاب میں زندگی گزرتی ہے اس کی _____ میرا مطلب ہے سر جی نیک آدمی بدی دل سے کرنا  نہیں چاہتا، بس اس کی طبیعت ہی راغب نہیں ہوتی۔ بند آدمی سب کچھ کرنا چاہتا ہے، پر خوف سے مفلوج رہتا ہے۔ وہ بھی ایسا ہی تھا وہ شاعر بھی ________”
آج ایک بالکل نئی امتل سے متعارف ہونے کا اتفاق ہوا۔

“میں بھی اسی کی طرح ہوں_____ بائیس ہزار لے جانے والے کی طرح ______؟ ” میں نے سوال کیا۔

بانو قدسیہ کے ناول راجہ گدھ سے لیا گیا اقتباس۔

4 thoughts on “بند آدمی”

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں