ملک میں چلائی جانے والی پولیو کی ویکسینیشن کی مہم کا آج دوسرا دن تھا اور آج بھی کئی رضاکاروں کو گولی مار دی گئی. مجھے ان
رضاکاروں کی ہلاکت کا افسوس ہے. ان کے قاتل کون ہیں، اس بحث میں پڑے بغیر میں کچھ نکات پر بات کرنا چاہتا ہوں.
جیسا کہ میں پہلے بھی عرض کر چکا ہوں، ہمارے معاشرے میں اب دو قسم کی سوچیں پائی جاتی ہیں. انتہائی دایاں بازو اور انتہائی بایاں بازو.
یہ دونوں سوچیں اپنے مخالف کو کسی بھی قسم کی رعایت دینے کو ہر گز تیار نہیں. اور باوجود اس بات کے کہ ملک کے عوام کی اکثریت کو
ان دونوں سے کسی قسم کا واسطہ نہیں، یہ دونوں طرز فکر اپنے آپ کو زبردستی مسلط کرنے کے چکر میں ہر انتہا تک جانے کو تیار ہیں.
پاکستانی عوام کی اکثریت نہ بہت زیادہ دین دار ہے اور نہ بہت زیادہ دین بے زار. یہ اکثریت اب بھی اپنے طریقے سے زندگی بسر کرنے کو
ترجیح دیتی ہے اور یہ طریقہ ء معاشرت ایک اعتدال پسند طریقہء معاشرت ہے. اس میں ان دونوں انتہاؤں کی کوئی گنجائش نہیں ہے،
مگر یہ بات کسی کو سمجھ نہیں آ رہی. اور جہاں جس کا بس چلتا ہے وہ زبردستی کر رہا ہے. انتہائی دائیں بازو والے اپنا وقت آنے پر کارروائی کرتے ہیں
اور معصوم عوام کا جانی و مالی نقصان کر کے سمجھتے ہیں انھوں نے اپنے مخالف انتہائی بائیں بازو والوں کو زک پہنچائی اور انتہائی بائیں بازو والے
اس قسم کا کوئی قدم اٹھا کر فتح کے شادیانے بجانے لگتے ہیں. نقصان میرا اور آپ کا ہی ہو رہا ہے.
موجودہ خونی پولیو مہم کو ہی لے لیجئے. کسے اندازہ تھا کہ پولیو مہم جیسی بے ضرر مہم کا یہ انجام نکلے گا. ہمارے محلے میں آنے والی رضاکار خواتین
تو اتنی باقاعدگی سے آرہی ہیں کہ ان کو ایک ایک گھر کے بچوں کی تعداد ازبر ہو چکی ہے اور وہ اس مرتبہ دس سے پندرہ منٹ کے
دوران اپنا کام ختم کر کے واپس چلی گئیں. یہ تو مجھے خبروں سے علم ہوا کہ ان کو دی جانے والی روزانہ کی تنخواہ صرف ڈھائی سو روپے ہے!.
مجھے افسوس ہے کہ پولیو مہم کے رضاکار ایک لا یعنی انا کی جنگ کی بھینٹ چڑھا دئیے گئے. جو لوگ ان کی اموات کے ذمہ دار ہیں وہ کبھی بھی
یہ ذمہ داری اپنے سر نہ لیں گے، مگر کب تک؟
جیسا کہ میں ملالہ یوسفزئی والے مراسلے میں عرض کر چکا ہوں ، یہ جنگ اب اس مرحلےمیں داخل ہو چکی ہے کہ کوئی بھی
ایسی چیز جس کو مٹانے، ہٹانے یا تباہ کرنے سے فریق مخالف کو زک پہنچنے کا احتمال ہو، بلا تکلف اس جنگ کی بھینٹ چڑھا دی جاتی ہے.
اور اس مرتبہ پولیو مہم اس جنگ کا نشانہ بن گئی. اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیو کے قطروں کے بارے میں عوام میں کافی عجیب و غریب
خیالات پائے جاتے ہیں. مثلا:
ان قطروں سے بانجھ پن پیدا ہوتا ہے، جن بچوں کو قطرے پلائے جاتے ہیں وہ اولاد پیدا کرنے کے قابل نہیں رہ جاتے.
ان قطروں میں ایڈز کے وائرس موجود ہیں.
یہ قطرے مسلمانوں کی آبادی کم کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہیں.
حکومت موجودہ طبی سہولیات کو پورا کرنے کی بجائے جس جوش و خروش سے پولیو کے قطرے پلانے پر زور ڈال رہی ہے
اس سے اندازہ ہوتا ہےکہ یہ قطرے کسی خاص مہم کا حصہ ہیں.
پولیو کے قطروں کی آئے روز مہمات بھی شک پیدا کررہی ہیں. جو میں نے سُنا ہے وہ یہ ہے کہ لوگ برملا شکایت کرتے ہیں
کہ ان کے علاقے میں موجود طبی سہولیات کا فقدان ہے.لوگوں کی شکایات کے باوجود ڈاکٹر یا طبی سہولیات کی فراہمی کو
یقینی نہیں بنایا جاتا مگر پولیو کی مہم کے لئے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں. آخر حکومت ان مہمات کے لئے اتنا جوش و
خروش کیوں دکھا رہی ہے. پھر ، یہ بات بھی ذہن میں رکھ لینی چاہئے کہ پولیو ویکسینیشن بذات خود کچھ بچوں میں پولیو
جیسی بیماری کا سبب بنتی ہے، اگرچہ یہ شرح کافی کم ہے. یار لوگ اس قسم کے کیسزکو بھی سامنے رکھ کر پولیو ویکسینیشن
سے انکار کرتے ہیں.پولیو کے قطروں کے معاملے کو جس طرح پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر سزاؤں کی احمقانہ
تجویز نے خراب کیا وہاں حکومتی حکام کی نااہلی بھی اس آگ کو بھڑکا رہی ہے. ایک ڈاکٹر صاحب جو اسی پولیو پروگرام میں
ایس او رہ چکے تھے، نے مجھے بتایا کہ ان کو متعلقہ ضلعے کے ای ڈی او ہیلتھ باقاعدہمنت سماجت کرتے تھے کہ ان کا ریکارڈ
صاف رکھا جائے اور ان کے ضلعے میں کسی پولیو کیس کو نہ ظاہر کیا جائے. خانہ پری کچھ اس طرح کی جاتی ہے
کہ درست اعداد وشمارکا کسی کو علم نہیں. اکثر اوقات کولڈ چین نہ ہونے کے باعث بھی دوا کا معیار وہ نہیں رہتا
جو ہونا چاہئے اور قطرے پلانے کے باوجود کسی نہ کسی کو پولیو ہو جاتی ہے. یہ بات بھی لوگوں کو بتانے کی ہے.
مگر یہاں کچھ اور عوامل بھی کار فرما ہیں. ای پی آئی پروگرام جو کہ بہت پہلے سے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے
کا بندو بست کر رہا ہے اپنی جگہ پر کام کر رہا ہے اور اس کے باوجود پاکستان بد قسمتی سےدنیا کے ان چند ممالک میں
شامل کیا جاتا ہے جہاں اب بھی پولیو موجود ہے. باقی دنیا میں سے پولیو کا خاتمہ کیا جا چکا ہے. اور اب پاکستانی حکومت
پر عالمی اداروں کا دباؤ ہے کہ ایک خاص مدت سے پہلے پولیو ویکسینیشن کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے. اگر یہ ٹارگٹ
حاصل نہ ہوا تو پاکستانیوں پر کچھ سخت پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں. لہذا حکومت تھوڑے تھوڑے وقفے سےپولیو کی ملک گیر
مہم بار بارچلا رہی ہے تاکہ ایک متعین ٹارگٹ حاصل کیا جاسکے.
یہ ٹارگٹ ہر گز یہ نہیں ہے کہ ملک کا ایک ایک بچہ پولیو کے قطرے پی لے. یہ ایک نا ممکن ٹارگٹ ہے.میرے خیال میں
کم سے کم جو حاصل کیا جاسکتا ہے وہ یہ ہے کہ اتنی آبادی کو قطرے پلا دئے جائیں جو ہرڈ ایمیونٹی کے لئے ضروری ہیں.
پولیو کے لئے یہ ٹار گٹ کُل آبادی کا کم سے کم اسی فیصد حصہ ہے جو کہ پھر بھی زیادہ ہے. بہر حال مجھے امید ہے
کہ تمام متعلقہ افراد عقل سے کام لیں گے اور اس ٹارگٹ کے حصول میں مدد دیں گے.
اس وقت صورت حال یہ ہے کہ حکومت اپنا اعتماد کھو بیٹھی ہے اور یہ اعتماد ایک دن یا ایک سال یا ایک پارٹی کی
حکومت کے دورانئے میں نہیں کھویا گیا. یہ سالہا سال کی کرپشن کااور نالائقی کانتیجہ ہے. اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ
جب عوام میں ایک غلط خیال مشہور ہو جائے تو اُس کو خال خال ہی درست کیا جا سکتا ہے. اور کم و بیش ہر جگہ لوگوں
کو ان قطروں میں کوئی نہ کوئی سازش نظر آ رہی ہے. ان حالات میں کیا کیا جائے؟ عوام میں تو بد اعتمادی بڑھ رہی ہے.
مجھے تو یہ بھی سُننے کو ملا کہ ایک طرف تو امریکہ ہم پر بم گرا رہا ہے اور دوسری جانب پولیو سےبچاؤ کے قطرے بھی
مفت تقسیم کرا رہا ہے؟ اتنی مہربانی کی کیا خاص وجہ ہو سکتی ہے؟
میرا خیال ہے کہ اس صورت حال کا حل نکل سکتا ہے. اور یہ کوئی مشکل حل نہیں. اگر لوگ پولیو کے قطرے پلانے
پر راضی نہیں تو حکومت کو سختی، قانون سازی، پولیس یا فوج کے استعمال کی بجائے حکمت سے کام لینا ہوگا. کچھ عرصے
تک اگر پولیو کی اتنے بڑے پیمانے پر شروع کی گئی مہمات کو اگر مؤخر کر دیا جائے تو کوئی مضائقہ نہیں. اگرچہ اعتراض
کرنےوالے اس پر بھی اعتراض کریں گے. وہ علاقے جہاں پولیو کے قطروں کے خلاف مزاحمت زیادہ ہے وہاں اگر اعلانیہ
طور پر ان قطروں کی مہم نہ ہی شروع کی جائے تو بہتر ہوگا.
اس مہم سے پہلے اگر وہاں کے لوگوں کے جائز اعتراضات کو سُن کر اگر تھوڑا ہوم ورک کر لیا جائے تو زیادہ دور رس نتائج
ملنے کی امید ہے. مثلا وہ علاقے جہاں صحت کی موجودہ سہولیات ناکافی ہیں،وہاں اگر وہ سہولیات فراہم کر دی جائیں جو اس
علاقے کے لوگوں کے نزدیک زیادہ اہم ہیں تو پولیو کے قطرے ان سہولیات کے ساتھ بھی دئیے جا سکتے ہیں. جی ہاں، میں ای پی
آئی ہی کی طرح کے طریقہ کار کی بات کر رہا ہوں. اس طرح یہ مہم غیر محسوس طور پر جاری بھی رہے گی اور مزاحمت بھی
کم ہوگی.
مجھے عالمی ادارہ صحت اور صحت سے متعلقہ دوسرے ادارے جو کہ اس مہم کو پیسہ اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہے ہیں، کی
پریشانی کا اندازہ ہے، ان اداروں نے پاکستانی حکومت کو جو ڈیڈ لائن دی ہے، وہ بہت پہلے دے دی جانی چاہئے تھی. ان اداروں
کو بھی ملک کی موجودہ صورت حال کا ادراک کرنا چاہئے اور حکومت پر اپنا دباؤ کم کر دینا چاہئے. ان اداروں میں کام کرنےوالے
مقامی حکام کا فرض ہے کہ وہ ہمارے معاشرے کی اس فکری تقسیم کا بغو ر مطالعہ کریں اور حکمت سے کام لے کر اس مسئلے کا
کوئی دوسرا حل نکالیں.
متعلقہ ای ڈی او ہیلتھ پر دباؤ یا اس کو جرمانے کی دھمکی سے کوئی خاص فائدہ ہوتا نظر نہیں آتا. جیسا کہ میں نے نشان دہی کی،
اس قسم کی سزاؤں سے بچنے کے لئے ماضی میں پولیو کے کیسزکو چھپایا بھی جاتا رہا ہے اور اس قسم کی حرکتوں کا نقصان اب سب
کو ہورہا ہے. متعلقہ لوگوں کو یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ پولیو کے خلاف مزاحمت ایک مخصوص سوچ رکھنے والے لوگوں میں ہےاور یہ سوچ کسی بھی جغرافیائی خطے میں پائی جا سکتی ہے. لیکن اصل نقصان تب ہوتا جب ایسی سوچ رکھنے والے اس قدم کو اپنی بقا
کے لئے خطرہ سمجھ لیتے ہیں. تب اُن لوگوں کا اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنا نا ممکن ہو جاتا ہے. کوئی ذی ہوش انسان یہ نہیں چاہے گا
کہ کوئی دوسرا اسے نقصان پہنچا دے.
میرا خیال ہے کہ بالآخر بات اسی نکتے پہ آ کر رکتی ہے کیونکہ ان قطروں کے خلاف ایسی مہم چلائی گئی ہے کہ کچھ لوگ ان
قطروں کے نہ پلانے کو اپنی بقا کی ضمانت سمجھتے ہیں.
جب تک اس سوچ کا خاتمہ نہ ہوگا تب تک آپ جتنی مرضی مہمات چلا لیں، ان کا نتیجہ مختلف نہیں نکلے گا.
اس انا کی جنگ میں ہم بے گناہ رضاکاروں سمیت ان سب بچوں کو جھونک رہے ہیں جن کو یہ قطرے نہیں مل رہے.
بہت عمدہ مضمون لکھا ہے۔ دوسرے لوگوں کی کیا بات کریں یہاں تو ڈاکٹرز بھی شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔ سب سے بڑی وجہ تو خود آپ نے بیان کردی ہے کہ عوام دشمن ریاست پاکستان میں پولیو کے لیے ایسی سرگرمی ایک ہضم نا ہونے والی بات ہے ۔ پھر جنہوں نے اسٹریکر میمورنڈم دیکھی ہے وہ اس پر اور بھی زیادہ شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔ نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں قطرے نا پلوانے پر جس طرح پولیو کی وبا پھوٹی ہے وہ بھی بہت حیرت انگیز ہے۔
یہ شکوک و شبہات تب تک ختم نہیں ہوسکتے جب تک اس ویکسین کی تیاری شفاف طریقے سےپاکستان میں شروع نہیں ہوجاتی اور بار بار مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد کو اس تیاری کا عملی مشاہدہ نہیں کرایا جاتا۔
Comments are closed.