Skip to content

شازیہ اور کائنات کے نام ایک کُھلا خط

پیاری شازیہ اور کائنات۔

امید ہے اب تمھارا گلہ ختم ہو چکا ہو گا۔ آج ہی تو صدر پاکستان نے تم دونوں کے مفت سرکاری علاج کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اب یہ ہدایات مختلف محکموں سے ہوتی ہوئی تمھارے پاس تک پہنچنے میں ذرا وقت تو لیں گی۔ معاف کرنا تمھارا خیال آتے آتے ذرا دیر ہو گئی۔ دراصل ملالہ بھی تو زخمی تھی نا۔ یہ بات درست ہے کہ تم بھی سکول جاتی ہو، ملالہ ہی کی طرح ، تمھارے بھی اعلی تعلیم کے سپنے ہیں ملالہ کی طرح ، اور تم بھی بچیاں ہی ہو، ملالہ کی طرح، مگر بات ذرا سمجھنے کی کوشش کرو نا۔ ملالہ کا نام استعمال کر کے ہمیں جتنا فائدہ ہوسکتا ہے وہ تمھارے نام سے تھوڑی ہوگا۔ امید ہے ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں تم کشادہ دلی کا ثبوت دو گی اور اس حرکت کو نظر انداز کر دو گی۔

ملالہ بیٹی ماشا ء اللہ بہت مشہور ہے۔ اس کے فیورٹ باراک اوبامہ ، اس کی آنٹی ہیلری کلنٹن اور اب تو میڈونا نے بھی اس کا نام لیا ہے۔ جس کے اتنے اچھے چاہنے والے ہوں اس کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔ نہیں نہیں، میری یہ مراد ہر گز نہیں تھی کہ اگر تمھارا اگر بال بھی بیکا ہوا تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایسی کوئی بات نہیں۔ اور ہاں اپنے والدین سے کہہ دینا کہ میڈیکل اخراجات کے بل سنبھال کر رکھ لیں، ان کی ادائیگی انشاءاللہ اسی بجٹ سے ہو گی۔ تم بہت جلد صحت یاب ہو جاؤ گی۔ اب دیکھو نا امریکی عہدے دار بھی آ کر ملالہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ہم ان کو پروٹوکول دیں یا پشاور میں تمھارا علاج کریں؟ دیر سویر تو ہو ہی جاتی ہے۔ ویسے بھی تم جلد ہی سکول میں اردو کے مضمون میں ایک محاورہ سیکھ لو گی کہ “دیر آید درست آید”۔ اس کا مطلب تمھیں کوئی مقامی سرکاری عہدے دار بتا ہی دے گا۔

ملالہ مشہور ہے اور اس پر حملے کا احتجاج اتنا شدید تھا اور ہمارے میڈیا نے بھی کچھ زیادہ ہی جوش و خروش دکھا دیا، کہ سارے چینل ایک دوسرے پر بازی لے جانے کے چکر میں تم لوگوں کو بھول ہی گئے۔ اس کا ایک نقصان یہ ہوا کہ شدت پسندوں سے ہمدردی رکھنے والوں نے تم دونوں کا ذکر کرنا شروع کر دیا۔ لیکن بات وہی آتی ہے، یہ بھی تو دیکھو نا فائدہ کتنا ہوگا۔ انشا ء اللہ اس بار ملک و قوم کو اس وڈیو سے زیادہ فائدہ ہوگا جس میں این جی اوز میں کام کرنے والی ایک عورت کے تعاون سے ایک عورت کو طالبان کے ہاتھوں کوڑے کھاتے ہو ئےدکھایا گیا تھا۔
تم دونوں کو بیچ میں لے آئیں تو بات کا مزہ پھر وہ نہیں رہنا نا۔ اس لئے اُس پر ہماری توجہ ذرا زیادہ ہے۔

مجھے امید ہے تم دونوں کسی قسم کا گلہ نہ کرکے اور خاموش رہ کر زیادہ فائدے میں رہو گی۔

فقط

تمھارا خیرخواہ

دور اندیش

2 thoughts on “شازیہ اور کائنات کے نام ایک کُھلا خط”

  1. ملالہ کا نام استعمال کر کے ہمیں جتنا فائدہ ہوسکتا ہے وہ تمھارے نام سے تھوڑی ہوگا۔

    بهت عمده تحرير

    بات اك جملي مين حتم كر دي كه

    ملالہ کا نام استعمال کر کے ہمیں جتنا فائدہ ہوسکتا ہے وہ تمھارے نام سے تھوڑی ہوگا۔

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں