Skip to content

97 قیمتی جانیں

کراچی میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ کراچی میں مقیم رشتہ داروں سے آج بات ہوئی تو علم ہوا کہ نفرتوں کا عروج اتنا ہے کہ گھروں میں گھس کر بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ اور بچوں میں بھی لڑکوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میرا دل کرتا ہے اس اطلاع کو مسترد کر دوں۔ میں نے ان سے کہا بھی کہ مجھے اس اطلاع پر یقین نہیں ۔ کیونکہ کلمہ گو مسلمان جو کراچی میں ایک دوسرے کا گلہ کاٹنے میں مصروف ہیں، وہ چاہے جتنے بھی شقی القلب ہو جائیں ، یہ نسل کشی والا کام نہیں کر سکتے، مگر جواب میں وہی بات سننی پڑی کہ ” تم کیا جانو کراچی کا حال، تم تو مزے کر رہے ہو”۔

خوف کا چار سو ڈیرا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ علاقوں، ظاہری شکل وصورت اور زبان کی بنیاد پہ قتل عام ایک فساد کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ اللہ رحم کرے۔ ان حالات میں جب کہ بد گمانیاں اپنے عروج پہ ہیں، نفرتیں دوستوں کو جانی دشمنوں کے روپ میں ڈھال رہی ہیں اور حکومت صورت حال کو قابو میں لانے میں ناکام بھی ہے، اس قسم کی افواہوں کا پھیلنااور جڑ پکڑ جانا بعید از قیاس نہیں۔

ذاتی طور پر مجھے یہ گمان تک نہیں تھا کہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی صرف دو پارلیمانی نشستیں اتنی قیمیتی ہوں گی کہ ان کی خاطر 97 قیمتی جانوں کی بلی دے دی جائے گی۔ اور یہ معاملہ ختم ہوتا نظر نہیں آرہا۔ اس کا حل بھی کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔

میں اللہ سے دعا ہی کر سکتا ہوں کہ وہ تمام فریقوں کو مفادات کے سحر سے نکالے اور وطن کی خاطر قربانی دینے کا جذبہ ان میں جگا دے۔

10 thoughts on “97 قیمتی جانیں”

  1. علم کا متلاشی

    اب تو آنسو بھی خشک ہو چلے، کس سے فریاد کریں اور کس کو اپنا نجات دہندہ سمجھیں۔ ڈر ہے کہ کہیں سقوط بغداد اور سقوط ڈھاکہ کی تاریخ نہ دہرا دی جاۓ-الٰلہ ہی کوئ مدد فرماۓ کہ اب ہمارے بازوؤں میں تو یہ دم خم نہیں لیکن دعا ہے کہ الٰلہ ہمارے ملک کو اور ملک کے باسیوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین

  2. سچی بات تو یہ ہے کہ مجھے پاکستانی ہونے پر پہلے بھی کوئی اتنا خاص فخر نہیں تھا
    لیکن اب تو ذلالت سی محسوس ہورہی ہے۔
    در لعنت ہے ہم پر درلعنت۔۔

  3. لیکن کیا ان خبروں اور حالات کے باوجود ان سیاسی بتوں سے منہ موڑ لیں‌گے؟؟؟
    میرے خیال میں فی الحال تو پاکستانی عوام کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے ، خود کو تعلیم یافتہ کہلانے والے اسی بلاگستان میں ایسے بھی موجود ہیں جو کہ اب بھی ان قاتلو ں کا کھل کر ساتھ دئے رہے ہیں،

  4. بنیاد پرست

    آج اگر ایم کیو ایم کو دوبارہ حکومت میں شامل کردیا جائے ، گورنمنٹ کو سوات میں تو اپنی رٹ چیلنج ہوتی نظر آئی سارا سوات جلا کر رکھ دیا، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔سب ٹھیک ہوجائے گا۔ یہاں کیا ہورہا ہے۔ کہا گئے حکومت کے سیکورٹی ادارے جو عوام کی خون پسینے کی کمائی سے لاکھوں روپے تنخوائیں لے کر بھی تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ یہاں کب تک یہ کھیل کھیلا جاتا رہے گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب تک اس ناسور کا مکمل علاج نہیں کرلیا جاتا، کراچی اسی طرح جلتا کٹتا رہے گا
    اللہ کراچی والوں کی حفاظت فرمائے۔

  5. اگر قوم نے آنکھیں نہ کھولیں اور بے غیرت قسم کے حکمرانوں ، سیاستدانوں، اور فوجی جنتا کی جرنیلون۔ بیوروکریٹس سے جان نہیں چھڑوائی تو ۔ ۔ ۔ پاکستان میں بہت خون بہے گا۔ ۔ ۔ ۔
    اس ملک کو صومالیہ بنانے کا سودا اندرون خانہ کب ہو چکا ہے۔ مشرف اور موجودہ حکمران بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے کیا کیا تسلیم کر رکھا ہے اور اندرون خانہ ہر اس قدم کے لئیے حامی بھر چکے ہیں۔ جسکا مطالبہ پاکستان کو ایک ناکام اور منتشر ریاست بنانے کے ان بودے حکمرانوں اور سیاستدانوں سے کیا جائے گا۔
    پاکستان میں بجلی اور گیس کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا جارہا ہے۔ تانکہ ہر قسم کی صنعت تباہ ہو۔ اور بے روزگاری میں اضافے، علم کی کمی، حد سے زیادہ تعصب ، اسلحے کی فروانی اور سیاسی قوتوں کی عدم موجودگی سے پاکستان میں آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
    درندہ صفت لوگ خاص “اہداف” حاصل کرنے کے لئیے حکومتی اداروں کے اہلکاروں کے عین ناک نیچے اسطرح قتل کر رہے ہیں جیسے مقتول انسان نہ ہوئے مکھی مچھر ہوگئے ۔ اہداف جس کی نشاندہی یہ ہر قسم کی غیرت اور حمیت سے عاری لٹیرے اور قاتل سیاستدان کرتے ہیں۔ محض اپننے غلیط مفادات حاصل کرنے کے لئیے۔ مگر عوام کو بھی چاہئیے کہ انکے خلاف پرامن طریقے سے احتجاج کریں۔ جب تک انکا ناطقہ بند نہیں ہوگا۔ یہ کبھی بھی ملک و قوم کے بارے میں نہیں سوچیں گے۔ یہ ڈھٹائی کی ہر حد کو پار کر چکے ہیں۔

    یہ مظلوموں کے خون میں ڈبو کر نوالے کھانے والے لوگ ہیں۔

  6. منیر بھاءی، آزاد کشمیر کی دو نشستوں کی اہمیت اپنی جگہ لیکن ان لوگوں کے علاوہ بھی ایک تخم خنزیر ہیں جی، آپ انہیں شاید بھول گئے۔۔۔

  7. سورت 13 الرعد ۔ آیت 11 ۔ إِنَّ اللّہَ لاَ يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّی يُغَيِّرُواْ مَا بِأَنْفُسِہِمْ
    اللہ اس کو جو کسی قوم کو حاصل ہے نہیں بدلتا جب تک وہ اپنی حالت کو نہ بدلے

    سورت 53 ۔ النّجم ۔ آیت ۔ 39 وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَی
    اور یہ کہ ہر انسان کیلئے صرف وہی ہے جس کی کوشش خود اس نے کی

  8. سعید احمد

    آفاق رضوی کا ماننا ہے کہ ان کے گھروں پر حملہ کرنے والے مقامی پشتون نہیں تھے، ان کے مطابق وہ مقامی پٹھانوں کو پہچانتے ہیں، وہ انہیں جانتے ہیں مگر یہ بربریت جنہوں نے مچائی ہے وہ طالبان تھے۔ بقول ان کے اوپر پہاڑی سے فائرنگ ہوتی تھی نیچے سے دفاع میں فائرنگ کی جاتی ان کے پاس تو اسلحہ نہیں ہے مگر جن کے پاس لائسنس یافتہ تھا انہوں نے جواب دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی فالج میں مبتلا ہے جن کو دوائی نہیں مل سکی۔ انہوں نے بچوں کو بکتر بند گاڑی کی مدد سے نکال کر سسرال پہنچایا ہے۔

    http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2011/07/110709_karachi_victim_a.shtml

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں