Skip to content

امید سحر ۔ ۲

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبہ سرحد کے نمائیندوں نے آج ایوب میڈیکل انسٹیٹیوشن ایبٹ آباد کے چیف ایگزیکٹیو جناب شہزاد نعیم سےملاقات کی۔ ملاقات کے دوران زیر تربیت ڈاکٹروں کے مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبہ سرحد کے نمائیندوں نے جناب شہزاد نعیم کو ملاقات کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وظائف میں اضافے کا مطالبہ بہت پرانا ہے اور ماضی میں اس مسئلے پر بہت کچھ ہو چکا ہے ، مگر ڈاکٹروں کے تمام تر جدوجہد کے باوجود صوبہ سرحد کے ڈاکٹر اس معاملے میں ملک کے باقی ڈاکٹرز سے پیچھے ہیں۔

اس ملاقات میں چیف ایگزیکٹیو صاحب سے کُھل کر بات چیت ہوئی اور ان کو بتایا گیا کہ مشاہروں کی اس غیر منصفانہ تقسیم کے باعث صوبہ سرحد کے ڈاکٹرز میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے اور بہت سے ڈاکٹر صرف اس وجہ سے اپنے خاندان کو چھوڑ کر دوسرے صوبوں میں جانے پر مجبور ہیں کہ دوسرے صوبوں میں اپنے صوبہ کے ہسپتالوں کی نسبت کم کام کا زیادہ مشاہرہ ملتا ہے۔ اگر اس رجحان کو نہ روکا گیا تو شائد پھر کوئی بھی ڈاکٹر اپنے ہسپتالوں میں کام نہ کرے ۔۔ جناب شہزاد صاحب سے درخواست کی گئی کہ وہ وظائف کے بڑھانے کی مہم میں ینگ ڈاکٹرز کا ساتھ دیں۔ اس سلسلے میں ان کو صوبہ پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کی مہم اور اس کے نتائج سے آگاہ کیا گیا، اور دستاویزی ثبوت بھی فراہم کئے گئے۔

جناب شہزاد صاحب نے کھلے ذہن کے ساتھ تمام بات سُنی اور ینگ ڈاکٹرز کو اپنے پورے تعاون کا یقین دلایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات ان کے علم میں ہے کہ کس طرح صوبہ کے ڈاکٹر کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت میں حصہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے متاثرین سوات اور مالاکنڈ کے لئے لگائے گئے میڈیکل کیمپس میں ٹرینی ڈاکٹرز کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عوام کی خدمت کا یہ جذبہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ڈاکٹرز کے اس جائز مطالبے کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ وہ آنے والی چیف ایگزیکٹیوز کی میٹنگ اور پی جی ایم آئی کے ڈین کے ساتھ ملاقات میں ٹرینی ڈاکٹروں کے اس مسئلے کے حل کی تلاش کے لئے کوشش کریں گے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائیندوں نے جناب شہزاد نعیم کے اس جذبے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ موصوف اپنی گُونا گوں مصروفیات کے باوجود اس مسئلے کے حل میں ڈاکٹرز صاحبان کا ساتھ دیں گے۔

ایسوسی ایشن جناب شہزاد نعیم کا ڈاکٹرز کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ یہ مسئلہ جلد سے جلد پُر امن طریقے سے حل ہو جائے گا۔

 

 

بشکریہ پریس سیکریٹری ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبہ سرحد۔

2 thoughts on “امید سحر ۔ ۲”

  1. DuFFeR - ڈفر

    ان سے پوچھا نہیں کہ
    یہ پورا تعاون
    کس بلا کا نام ہوتا ہے؟
    جو آئے بغیر ہی ہمیشہ سب امیدیں کھا جاتی ہے

Comments are closed.

یہ تحریر کاپی نہیں کی جا سکتی ۔ آپ صرف اس تحریر کا لنک شئیر کر سکتے ہیں۔

زحمت کے لئے معافی چاہتا ہوں